لاہور (6 دسمبر 2025): وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے شاندار کارکردگی پر اگلا الیکشن بھی جیتیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں مہمان خصوصی مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں ترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں، ماس ٹرانزٹ سسٹم سے گوجرانوالہ کے عوام کی تقدیر بدلے گی، ملک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہے، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
اے پی پی کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر 1985 میں میرے قائدو بڑے بھائی نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوا، اس دور میں صرف سیاست ہوا کرتی تھی، ترقیاتی کاموں کا دور دور تک کوئی نام نشان نہیں ہوتا تھا، نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیری سیاست کا آغاز ہوا اور ان کے 3 سالہ دور میں تعمیری سیاست نے سازشی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلیے دفن کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کھربوں کے پروجیکٹ میں کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دے: مریم نواز
وزیر اعظم نے کہا کہ پھر قوم نے دیکھا کہ پورے صوبہ میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، اسپتال، اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور دوسرے عوامی منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی، مریم نواز اسی ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے آج عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
’مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت اور ترقیاتی منصبوں کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج آپ کے شہر گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس کے منصوبہ کا جو تحفہ دیا ہے، اس سے پورے ضلع کی تقدیر بدلے گی۔ دور دراز علاقوں سے آنے والوں، طلبہ، مزدور طبقہ اور ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو جدید و شاندار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد نواز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اور پھر بطور وزیر اعظم جو کار ہائے نمایاں انجام دیے تاریخ انہیں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی، ان کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، انہوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر کراچی سے لے کر پشاور تک ہر درد دل رکھنے والے پاکستانی کے دل میں جگہ بنائی اور ثابت کیا کہ وہ ایک عظیم قائد ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی بھی اس ایٹمی قوت ہونے کے بل بوتے پر ملی، اگر پاکستان 1998 میں ایٹمی دھماکے نہ کرتا تو آج حالات بہت مختلف ہوتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کی ہی بدولت حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی ملی ہے، انشاء اللہ عوامی خدمت کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا مجھے یقین ہے شاندار کارکردگی کی بدولت 3 سال بعد نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھی ہم کامیابی حاصل کریں گے اور اس ملک کو ایک معاشی قوت بنائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


