اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آج جیل سے رہا کیاجائےگا، شہبازشریف منسٹرکالونی سب جیل سے رائیونڈ جائیں گے ، لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف ضمانت کے بعد آج سب جیل سے رہائی کے منتظر ہیں ، شہباز شریف کا ذاتی سیکیورٹی اسٹاف لاہور سے منسٹر کالونی پہنچ گیا، سب جیل حکام کوضمانت پررہائی کےلیےعدالتی روبکار کا انتظار ہے۔
عدالتی حکم پر جیل انتطامیہ آج کاغذی کارروائی مکمل کرے گی، کوٹ لکھپت جیل سے کارروائی مکمل ہونے پر سب جیل کا درجہ ختم کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ، رہائی کے بعد شہباز شریف رہائی کے بعد آج لاہور روانہ ہوں گے، جہاں وہ سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے جبکہ میاں نواز شریف اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب شہبازشریف کے وکلا نے ایک ایک کروڑ روپے کے 2مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرادیئے ہیں، احتساب عدالت کوتاحال ہائیکورٹ کافیصلہ موصول نہیں ہوا، ہائی کورٹ کافیصلہ موصول ہونے پر مزید کارروائی کی جائےگی۔
مزید پڑھیں : لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی
گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا۔
اسپیشل پراسکیوٹر نیب اکرم قریشی نے دلائل دیے تھے کہ میاں شہباز شریف نے ملز کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری خرچ سے نالہ تعمیر کیا، تاہم شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبے کی منظوری پنجاب اسمبلی اور کابینہ نے دی۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ جب نیب ملز کے سابق چیف ایگزیکٹو حمزہ شہباز کو تعاون کرنے پر گرفتار نہیں کرنا چاہتی تو شہبازشریف جو کبھی رمضان شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو رہے ہی نہیں ان کی گرفتاری کی کیا ضرورت ہے۔