لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوعلاج کی سہولت نہ دینا حکومت کی سنگین غفلت ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں نے سرکاری مراعات لیں نہ سرکاری دورے کیے، خرچہ خود اٹھایا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ علاج پراخراجات خود برداشت کیے، گزشتہ 10 سال میں سرکارکا ایک دھیلہ بھی استعمال نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری گھراستعمال کیا، ٹی اے ڈی اے لیا، نہ سرکاری دورے کیے، بیرون ملک علاج ذاتی خرچ پرکرایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کوعلاج کی سہولت نہ دینا حکومت کی سنگین غفلت ہے، اگر نوازشریف کوکچھ ہوا تو ذمے دارعمران خان اورحکومت ہوگی۔
شہبازشریف کا نوازشریف کی صحت پر تشویش اور فکر کا اظہار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 6 مارچ کواپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے نوازشریف کی صحت پر تشویش اور فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزرا ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک جاسکتے ہیں، ملک کوجوہری طاقت بنانے والے کو علاج گاہ لے جانے کی اجازت نہیں۔