تازہ ترین

سوشل میڈیا پر فوجی شہدا کا مذاق اڑانا شرمناک ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی اہلکاروں کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑانے کو شرمناک قرار دے دیا۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے اور انہیں بُرا بھلا کہنے کی سوشل میڈیا مہم صرف شرمناک ہی نہیں بلکہ خوفناک بھی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ متکبر اور منافقانہ سیاسی نظریے کا یہی نتیجہ ہے کہ یہ کم سن ذہنوں میں زہر گھول کر بدتہذیبی کو ترویج دیتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آخر ہمارا معاشرہ کس سمت جا رہا ہے؟ ہمیں شدت سے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔

دو روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈارئیکٹر جنرل بابر افتخار نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا مہم پر ردعمل دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی، شہدا فیملیز اور افواج پاکستان کے رینک اینڈ فائل میں غم و غصہ اور اضطراب ہے۔

مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات

ترجمان پاک فوج نے کہا: ’مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے، کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مہم چلائی گئی، بے حس رویے ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہیں‘۔

یکم اگست کو بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جانے والا فوج کا ہیلی کاپٹر اچانک لاپتا ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران و اہلکار سوار تھے۔

اگلے روز ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سے ملا تھا۔ آئی ایس پی آر نے تمام افسران و اہلکاروں کی افسوس ناک حادثے میں شہادت کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’سوال ہی پیدا نہیں ہوتا افغانستان میں ڈرون حملے کیلیے پاکستانی زمین استعمال ہو‘

لیفٹیننٹ جنرل اور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -