اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدرٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کو خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے اور خطے میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا "منصوبے کا مقصد غزہ میں جاری تنازعہ کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔”
انہوں نے زور دیا کہ فلسطین اور اسرائیل میں پائیدار امن خطے کے مجموعی استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور اس سمت میں کسی بھی قابل عمل کوشش کی حمایت کریں گے۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ معاہدے کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے جنگ کے خاتمے میں صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو ووٹکوف کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے سفارتی سطح پر مثبت اور تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔


