اے آر وائی ڈیجیٹل کے آنے والے نئے ڈرامہ سیریل ‘درِ نجات’ کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی شائقینِ ڈرامہ اور شوبز ستاروں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی، ماہرہ خان اور امر خان سمیت صفِ اول کے ستاروں نے بھی اس نئے پروجیکٹ کے ٹیزر کی کھل کر تعریف کی ہے۔
گزشتہ دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کی پہلی جھلک جاری کی گئی ہے جس کا آفیشل کیپشن کچھ یوں پیش کیا گیا ہے ”کچھ کہانیاں محبت سے شروع ہوتی ہیں، کچھ کو کھو جانے کا دکھ آزماتا ہے، اور کچھ کہانیاں معاف کرنے کے حوصلے کے لیے یاد رکھی جاتی ہیں۔“
ٹیزر میں دکھائی گئی شاندار سنیماٹوگرافی، منفرد بصری انداز اور مرکزی کرداروں کے جذباتی مناظر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
View this post on Instagram
اس ڈرامے کی کاسٹ میں درفشاں سلیم، شہریار منور صدیقی، نمیر نواز خان، سحر ہاشمی، رومیسہ خان، ثانیہ سعید اور صبا حمید جیسے نامور اداکار شامل ہیں۔
ٹیزر ریلیز ہونے کے فوراً بعد شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”مجھے بہت فخر ہے، ہر چیز اور ہر کوئی لاجواب لگ رہا ہے۔ میڈ ان پاکستان۔“
سپر اسٹار ماہرہ خان نے بھی پروجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ”یہ شاندار لگ رہا ہے، مجھے شہریار منور اور سونیا خان پر بہت فخر ہے،“ انہوں نے پوری ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب اداکارہ امر خان نے شہریار منور کی اسکرین پر واپسی کا خیرمقدم کیا اور درفشاں سلیم کے لُک کو خوب سراہا۔
مداحوں نے بھی نامور فنکاروں کے ان جذبات کی تائید کرتے ہوئے ٹیزر کے سنیماٹک مناظر اور درفشاں و شہریار کی جوڑی کو بے حد پسند کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈرامہ ‘دارِ نجات’ کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری ثاقب خان نے دی ہے۔ اس میگا کاسٹ ڈرامے کو ‘تھریز انٹرٹینمنٹ’ کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔


