اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ناراض بھائیوں کو دونوں ہاتھوں سے گلے لگائیں گے، منطور پشتین ہتھیار ڈال دیں خود گلے لگاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ریاست کے خلاف جانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، انتہا پسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے دشمن نوجوانوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دشمن نوجوانوں کو رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور بارڈر کھولنا امن اور انسانیت کی لازوال داستان ہے، وزیراعظم نے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی ہدایت کی، گلگت بلتستان کی محرومیاں دور کریں گے، جنوبی پنجاب کو محرومیاں دینے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان تمام انسانیت کے لیے سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے: شہریار آفریدی
واضح رہے کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے اقوام عالم کو اپنی قربانیوں کو باور کروانا ہے پاکستان تمام انسانیت کے لیے سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان کا وژن سب کے لیے ہے، شراکت داروں کو عزت دینی ہے۔ مدرسے میں تمام سہولتیں دینا ریاست کی ذمے داری ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مشینوں کے ذریعے دنیا پر کنٹرول کے لیے زور دیا گیا۔ انسانی زندگی کا انحصار اللہ کے بعد ماحول پر ہے۔ انسانوں پر پیسہ لگے، انسانوں کا سوچا جائے گا تو سب بہتر ہوگا۔