ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

سر سیّد اور نماز

اشتہار

حیرت انگیز

سر سید کے حالاتِ زندگی میں جس قدر کرید کی جائے اور ان کی تحریروں اور معاصرانہ بیانات کو جس قدر غور سے پڑھا جائے، یہی نظر آتا ہے کہ سر سید پرلے درجے کے کھرے انسان تھے اور ان کی اکثر مشکلات بلکہ ان کے بہت سے نقائص کا راز بھی ان کی دیانت داری، اخلاص اور صاف گوئی میں چھپا ہے۔

اسلام اور بانیِ اسلام کی محبت، انتہائی راست بازی اور صاف گوئی کے علاوہ سر سید کی دوسری قابلِ ذکر خصوصیت مذہبی حمیت ہے۔ ان کے بعض عقائد اور خیالات سے اختلاف کرنا آسان ہے، لیکن انہیں مذہبِ اسلام اور بانیِ اسلام سے جو محبت تھی اس کا اعتراف نہ کرنا بھی بے انصافی ہے۔

عقائد و تفسیر کے کئی مسئلوں میں انہوں نے جس طرح علماء سے اختلاف کیا وہ سب پر روشن ہے، لیکن ارکانِ اسلام میں سر سید کا جو حال تھا اور افسروں کے ساتھ وہ جس طرح کا برتاؤ چاہتے تھے اس کا اندازہ ان کے ایک خط سے ہوتا ہے۔ ایک زمانے میں نواب وقار الملک کا کسی ایسے افسر کے ساتھ سابقہ پڑا جو کچہری کے اوقات میں نماز پڑھنے سے تعارض کرتا تھا۔ سر سید کو بھی اس کی اطلاع ملی۔ انہیں ایک خط میں لکھتے ہیں، ’’نماز جو خدا کا فرض ہے اس کو ہم اپنی شامت اعمال سے جس طرح خرابی سے ہو ادا کریں یا قضا کریں۔ لیکن اگر کوئی شخص یہ کہے کہ تم نماز نہ پڑھو، اس کا صبر ایک لمحہ کے لیے نہیں ہو سکتا۔ یہ بات سنی بھی نہیں جا سکتی۔ میری سمجھ میں نماز نہ پڑھنا صرف گناہ ہے جس کے بخشے جانے کی توقع ہے اور کسی شخص کے منع کرنے سے نہ پڑھنا یا سستی میں ڈالنا میری سمجھ میں کفر ہے جو کبھی بخشا نہ جائے گا۔ تم کو یا تو پہلے ہی خود اپنی شامتِ اعمال سے ایسا طریقہ اختیار کرنا تھا جو کبھی اس قسم کی بحث نہ آتی اور جب ایسا طریقہ اختیار نہیں کیا تھا تو پھر لجلجانا اور گڑگڑانا اور ’’حضور رخصت ہی دیں۔ تنخواہ کاٹ لیں۔‘‘ کہنا واہیات تھا، تڑاق سے استعفی دے دینا تھا اور صاف کہہ دینا تھا کہ میں اپنے خدائے عظیم الشان قادرِ مطلق کے حکم کی اطاعت کروں گا نہ آپ کی۔ کیا ہوتا؟ نوکری نہ میسر ہوتی۔ فاقے سے مر جاتے۔ نہایت اچھا ہوتا۔ والسلام۔‘‘

(ہندوستانی مؤرخ، غالب شناس اور اسلامی تاریخ و ثقافت پر متعدد کتب کے مصنف شیخ محمد اکرام کے ایک مضمون سے اقتباسات)

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں