جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

نواز شریف کے حق میں‌ بل منظور،شیخ رشید کا عدالت جانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جمہوریت کی آڑ میں بدمعاشی چل رہی ہے، نااہل شخص کو دوبارہ پارٹی صدر نہیں بنایا جاسکتا، شق 203 پر کوئی عدالت نہیں گیا تو میں جاؤں گا۔


اسی سے متعلق: نواز شریف کی دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار، سینیٹ میں بل منظور


اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چور اور ڈاکو ڈکیتی مارتے ہوئے پکڑا جائے اور نااہل ہوجائے پھر اسے دوبارہ پارٹی کا صدر بنا دیا جائے، یہ ساری ان کے گھر کی لڑائی ہے جسے وہ لندن میں بیٹھ کر حسین کے دفتر سے چلارہے ہیں۔

بل اسمبلی میں آیا تو سخت مخالفت کروں گا

شیخ رشید نے کہا کہ یہ ان کی بھونڈی حرکت ہے، ان کی عقل پر ماتم کرنے کا دل کررہا ہے، مجھے امید ہے کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے اسٹے مل جائے گا، یہ بل ابھی سینیٹ میں ہے، سینیٹ میں سے کسی کو عدالت جانا چاہیے، یہ بل قومی اسمبلی میں آیا تو اس کے خلاف عدالت جاؤں گا۔

این اے 120 کے انتخابی نتائج تسلیم کرتا ہوں

دریں اثنا اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے  میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 120 کے انتخابی نتیجے کو تسلیم کرتا ہوں لیکن اب اگر یہ ترامیم لائی گئیں تو عمران خان کو ساتھ لے کر انقلاب کی ایسی کال دیں گے کہ دنیا یاد رکھے گی، یہ لوگ بدمعاشی پر اتر آئیں ہیں جو لندن میں اثاثے لے کر بیٹھ گئے ہیں، یہ ان کے باپ کے اثاثے نہیں ہیں، ہمارے اور قوم کے پیسوں سے بنائے گئے اثاثے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع اور سنی آپس میں لڑتے نہیں، عالمی قوتیں لڑاتی ہیں، امید ہے محرم خیریت سے گزرے گا۔

مریم نے دونوں بھائیوں کو لڑایا، پارٹی تباہ کردی

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان جھگڑوں میں نہیں لوٹ مار اور چور بازاری میں ملوث ہے، مریم نواز نے ان لوگوں کو گھر سے نکالا، ملک سے نکالا، دونوں بھائیوں کو لڑایا، پارٹی کو تباہ کیا اب وقت بتائے گا کہ یہ ٹک شاپ یا ماما جی کی دکان نہیں ملک ہے جو یہ انڈر 19 نہیں چلاسکتا۔

ایم کیو ایم نے ن لیگ کا ساتھ دیا، 25 کیا 5 ارب بھی نہیں ملیں گے

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پر ن لیگ کے ردعمل پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ سارے مسائل جنگ کی طرف جارہے ہیں، یکم محرم کو اعلان کرتاہوں کہ ان یزیدی قوتوں کو شکست دینا ہوگی جنہوں نے ملک کو تباہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکو ڈاکو سے ملا ہوا ہے، یہ سوچ غلط ہے کہ ہم نہیں ہوں گے اسمبلی نہیں چلے گی، آج جو سیاست کررہے ہیں ایم کیو ایم والے وہ بھی اب سامنے آگئے ہیں، ن لیگ نے 25 ارب روپے کے عوض ڈیولپمنٹ کے پروگرام کی یقین دہانی کرائی ہے، ایم کیو ایم کو 5 ارب بھی نہیں ملیں گے۔

رانا ثنا اللہ جیسے بدبودار لوگ پریشان ہیں

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو شیشہ دکھانے کا فیصلہ ہوا ہے ہتھکڑی لگانے کا نہیں، یہ لوگ اتنے گھبرائے ہوئے ہیں کہ ان کے چہروں سے نقاب اترا تو رانا ثنا اللہ جیسے بدبودار لوگ جن کا اس رپورٹ میں نام ہے وہ لوگ پریشان ہیں۔


انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ سینیٹ میں ہوا ہے اس سے لگتا ہے کہ ملک میں جھاڑو پھیرنے کا وقت آگیا ہے، اگر چور اور لٹیرے لندن میں بیٹھ کر یہ سازشیں کررہے ہیں کہ آئین میں ترمیم کی جائیں تو یہ جان لیں کہ نواز شریف اور پاکستان اب ساتھ نہیں چل سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں