اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو پاکستان کے یورپی یونین سے تعلقات کشیدہ ہوجائیں گے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے خبردار کیا کہ احتجاج کے دوران کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو اُس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالا گیا تو ہم یورپی یونین سے دور ہوجائیں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کا جن بوتل میں بند کردیں گے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔
اپوزیشن کے اعلان پر اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، کل راولپنڈی میں ہونے والا احتجاج بتا رہا تھا سکون ڈاٹ کام ہے، حکومت کو اپوزیشن یا اُس کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
بعد ازاں وزیرداخلہ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور وفاقی وزیر داخلہ بھی شریک تھے۔
احتجاج میں سیاسی و مذہبی جماعت کی جانب سے ہونے والے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پرغور کیا گیا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ امن وامان برقرار رکھنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے کوئی کسرنہ اٹھارکھی جائے، احتجاج کی آڑ میں مرکزی شاہراہیں بلاک کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔