اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

رمضان کے بعد ٹارزن کی واپسی ہوگی، شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ رمضان کے بعد ٹارزن کی واپسی ہوگی، نیب دو طرفہ ٹارزن بننے جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ترمیمی آرڈیننس ابھی ٹھیک نہیں ہونے جارہا، منظرعام پر آنے والا نیب آرڈیننس مسودہ جعلی ہے، اپوزیشن نیب قوانین میں جو ترمیم چاہ رہی ہے وہ ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں زبردست ٹیم آئی ہے ایسی زبردست ٹیم پہلے کبھی نہیں آئی، پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے عاصم سلیم باجوہ ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے موکل بتارہے ہیں کہ شہباز شریف کے ستارے گردش میں ہیں، وہ باہر جانے کے لیے جتن کررہے ہیں، عید کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے اور ٹارزن کی واپسی ہوگی، عید کے بعد کچھ لوگ اندر جاسکتے ہیں لیکن موکل نے ان کے نام نہیں بتائے۔

مزید پڑھیں: شہبازشریف کی اپنی بھتیجی مریم نواز سے نہیں بن رہی ، شیخ رشید

وفاقی وزیر نے کہا کہ شوگر مافیا ہر پارٹی میں موجود ہے، یہ لوگ پارٹیوں کو چندہ دیتے ہیں، کوئی کابینہ ایسی نہیں دیکھی جس میں شوگر اور آٹے والے نہ ہوں لیکن وزیراعظم عمران خان نے آئی پی پی اور چینی چوروں کو نکیل ڈالی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ کرونا دنیا بھر میں چیلنج ہے، ریلوے کو کرونا سے 5 ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہورہا ہے لیکن کسی کو بھی ریلوے ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کرونا کے باعث سب سے برا حال شٹر والی دکانوں کا ہے، اصل مسئلہ سفید پوشوں کا ہے جنہیں عید کا سیزن لگانا ہے، کاروبار نہ کھولے تو بیروزگاری کا طوفان آجائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں