The news is by your side.

Advertisement

شیخ رشید کا اسلام آباد کے ساتھ راولپنڈی بھی بند کرنے کا اعلان

اسلام آبا د: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ہماری بہنوں کے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں لیکن لال حویلی پر ہر صورت جلسہ ہوکر رہے گا۔

بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ دو نومبر کو اسلام آباد کے ساتھ ساتھ راولپنڈی بھی بند رہے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دفعہ 144کے کل 144ٹکرے کر دوں گا۔”جس نے جو کرنا ہے کر لے دو نومبر کو راولپنڈی بھی بند کریں گے “ ، نواز شریف کو انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔

بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور پولیس ہمارے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے تاہم اگر گرفتار ہوا تو جیل سے پروگرام کروں گا اور گرفتاری کے خلاف عدالت نہیں جاوں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ آج سے ہی احتجاج شروع کردیں۔”آج تک نوازشریف اور شہبازشریف کالحاظ کرتا آیا ‘۔حالات خراب ہو گئے تو یہ لندن چلے جائیں گے۔ دو نومبر کو لال حویلی سے لاکھوں کارکن احتجاج کیلئے نکلیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ دو نومبر کو چاندنی چوک سے اسلام آباد تک ہر گلی محلے سے لوگ نکلیں گے۔ حکومت نے ہماری بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جبکہ پیپلز پارٹی نے آج تک ہماری عورتوں کے گھروں پر چھاپے نہیں مارے۔

لال حویلی سے متعلق عدالتی فیصلے کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر پانچ مرلے سے زیادہ ہوئی تو حکمرانوں کو دے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف یا شہباز شریف لال حویل میں خطاب کرتے تھے تو تب یہ قانونی تھی اور اب عمران خان نے خطاب کرنا ہے تو غیر قانونی ہو گئی۔”عمران خان ضرور خطاب کریں گے اور جلسہ بھی ہو کر رہے گا “۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر کے بھونڈی حرکتیں کرنا بند کرے ،ورنہ نتائج کے ذمہ دار نواز شریف ہو ں گے ۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ لال حویلی کل بھی ہماری تھی ،آج بھی ہمارے ہے اور کل بھی ہماری رہے گی ،ثابت کردیں پانچ مرلے سے زیادہ لال حویلی ہوئی تو حکومت کی ہو گی ۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں