ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔ 23 مارچ کو کراچی راولپنڈی کے درمیان جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے باہر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
بعد ازاں شیخ رشید شالیمار ایکسپریس کے خصوصی سیلون میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے روانہ ہوئے اور بعد میں شور کوٹ اور خانیوال سے ہو کر ملتان پہنچے۔ شیخ رشید نے ریلوے اسٹیشن پر کیومیٹک سسٹم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 12 فروری سے ٹرینوں میں ٹریکر سسٹم فعال ہوجائے گا، ٹریکر سسٹم مدثر نامی نوجوان نے بطور تحفہ دیا ہے۔ ریلوے کے ڈبے کی ذاتی اخراجات سے تزئین و آرائش کی۔
شیخ رشید نے کہا کہ تاثر غلط ہے مسافر ٹرینوں سے ریلوے کو نقصان ہو رہا ہے، خانیوال اسٹیشن کی بہترین تزئین و آرائش کر رہے ہیں۔ کوئی پیکج اور ڈیل وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں میرا نام ڈالا ہے، انشا اللہ سپریم کورٹ میں کیس لڑنے جا رہا ہوں۔ پروڈکشن آرڈر دینا سیاسی بد اخلاقی ہے۔ کوئی نہ سمجھے میں وزارت کا بھوکا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پر دنیا میں سارے الزام لگ سکتے ہیں کرپشن کا نہیں، پاکستان کی فوج ایک عظیم فوج ہے۔ عمران خان کی بدولت سعودی عرب اور چین سے پیسے آرہے ہیں۔ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ملتان کے درمیان تیز ترین ٹرین چلا رہے ہیں، ملتان راولپنڈی ٹرین کا نام تھل ایکسپریس ہوگا۔ 23 مارچ کو کراچی راولپنڈی کے درمیان جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نیا سسٹم لارہے ہیں لوگ گھر بیٹھے ٹرین کی لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ تھل ایکسپریس کا 12 فروری کو وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔