The news is by your side.

’عمران خان دوبارہ آئیں گے، معیشت سنبھالنا ان کیلیے مسئلہ نہیں ہوگا‘

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اور معیشت سنبھالنا ان کے لیے مسئلہ نہیں ہوگا۔

سینیئر سیاستدان نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’’باخبر سویرا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں بہت دھند ہے، یہ بہت نازک وقت ہے۔ حقائق بہت خطرناک ہیں۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ عام آدمی اپنی زندگی سے تنگ ہے۔ اس کے مسائل حل ہونے کے بجائے مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس وقت مسئلہ کسی کی ذات کا نہیں ملک کا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے جلسے کو پوری دنیا میں کوریج ملی ہے۔ کپتان نے سیاست میں سرپرائز دینے کا کہا تھا اور وہ دے دیا ہے۔ بڑی تعداد میں استعفے ملک کی سیاست ہلا کر رکھ دیں گے۔ ہم بھی یہ کہتے تھے کہ عدم اعتماد نہیں ہوگا۔ اس وقت ملک سنبھالنا آسان کام نہیں ہے۔ ملک الیکشن کی طرف جائے گا۔ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اور ان کے لیے معیشت سنبھالنا مشکل نہیں ہوگا۔

 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں سب سے کچی نوکری وزیر خزانہ کی ہوتی ہے۔ میرا خیال ہے نیب کیسز جو ختم کیے گئے ہیں وہ سپریم کورٹ سے دوبارہ بحال ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کے پاس پلان اے، بی، سی اور ڈی بھی ہے‘

سینیئر سیاستدان نے کہا کہ ملک میں پیسے لے کر ضمیر بیچے گئے۔ 8 ماہ میں اسمبلی کا کبھی کورم ہی پورا نہیں ہوا۔ عمران خان اکیلے ان کو شکست دے رہے ہیں۔ لوگوں کو پتہ تھا کہ عمران خان نے اسمبلی میں نہیں جانا پھر بھی ووٹ دیے۔ کپتان کے جلسے کو پوری دنیا میں کوریج ملی ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں