بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے: شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے، آمدن میں اضافہ ہوجائے تو ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 18-2017 میں ریلوے کا خسارہ 36 ارب 32 کروڑ تھا، ہم نے ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس دوران ہمیں 4 ارب کا اضافی تیل بھی خریدنا پڑا، 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے پاک کردیں گے۔ ریلوے کی کارکردگی پر افسران اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آمدن میں اضافہ ہوجائے تو ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تنخواہ اور تیل پر 3 ارب کا اضافی خرچ اٹھایا ہے۔ تیل، پنشن اور تنخواہ کی مد میں ساڑھے 12 ارب خرچ ہوئے۔ ہم نے 24 ٹرینیں اور 2 مال گاڑیاں چلائیں۔ سال میں 60 لاکھ مسافر بڑھائے ہیں۔ مسافروں کو ایک کروڑ تک لے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب ہمارا ہدف فریٹ ٹرینیں ہیں، مسافرٹرینیں نفع نہیں دیتیں۔ وزیر اعظم کل سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ ریلوے کا بڑا کام ایم ایل ون، پی سی ون میں چلا گیا ہے۔ 1800 کلو میٹر کے ٹریک میں پہلا فیز نوابشاہ اور سکھر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 42 ارب کے بجٹ میں سے صرف 15 ارب اور 16 کروڑ جاری ہوئے۔ کنٹرول روم کی حالت کسی پٹواری کے دفتر سے بھی بری ہے۔ ہم ایک جدید کنٹرول اور کمانڈ سسٹم بنانے جا رہے ہیں۔ لائیو ٹریکنگ سے 10 لاکھ مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ رائل پام کی 90 دن کے اندر عالمی بڈنگ کریں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سرسید ایکسپریس پر ہدف 3 مہینے پہلے حاصل کرلیا، حکومت عوام کی امنگوں پر پوری اترے گی۔ ہمارے پاس یومیہ 15 ہزار مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔ سرسید ایکسپریس نان اسٹاپ ہوگی۔ 50 کلو میٹر تک کوئی کرایہ نہیں بڑھایا۔ حیدر آباد سے کراچی تک ٹریک فاسٹ ٹریک کرنے جا رہے ہیں، ’اعتراف ہے حادثے سے ٹرینوں کے اوقات متاثر ہیں‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں