تازہ ترین

ایل این جی کیس باقی ہے، شاہد خاقان جس چینل پر آنا چاہیں آجائیں: شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ایل این جی کیس باقی ہے، جس چینل پر آنا ہے آجائیں۔ 6 دن میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے 6 ارب جرمانہ اکھٹا ہوا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ والوں کے خلاف مہم شروع کی، 6 دن میں 6 ہزار 7 سو 12 افراد کو پکڑا، سکھر میں سب سے زیادہ بغیر ٹکٹ والے پکڑے گئے ہیں، 6 دن میں 6 ارب جرمانہ اکھٹا ہوا، بغیر ٹکٹ والوں کو 3 دن بعد 6 دن کی سزا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عملہ کسی مسافر سے تمیز سے بات نہ کرے تو مجھے شکایت کریں، تمام شیڈوں میں آئل ڈپو بنائے جائیں گے۔ ڈی ایس کے لیے مجسٹریٹ کے اختیارات مانگے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو سیلوٹ کرتا ہوں، ریلوے کو کالی بھیڑوں سے پاک کردیں گے۔ رائل پام کلب سے اربوں کی جائیداد ہمیں ملی۔ بہت سے کیس پائپ لائن میں ہیں۔ وزیر اعظم سے بات کروں گا، مان گئے تو پی اے سی کا رکن بنوں گا۔

وزیر ریلوے نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ایل این جی کیس باقی ہے، جس چینل پر آنا ہے آجائیں۔ نواز شریف سے ایک ہزار گنا خطرناک کیس زرداری کا ہے، کیس رد نہیں ہو سکتا، ان کے وکیل مجھے کہتے ہیں بہت برے پھنسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کرپٹ ڈاکوؤں کے لیے ہمدردی رکھتی ہے تو اللہ ان پر رحم کرے، مراد علی شاہ میں شرم ہے تو استعفیٰ دیں، یہ آصف زرداری کے ملازم ہیں۔ کوئی گورنر راج نہیں آرہا، اس کی ضرورت نہیں۔ ن لیگ کے اندر فاروڈ بلاک بننے جارہا ہے۔

Comments