راولپنڈی : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سنگاپور ،بھارت کے لنک پرتحقیقات ہورہی ہیں ، نیوزی لینڈ دورہ سبوتاژکرنے والوں کے قریب ہیں عنقریب بے نقاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سائبرکرائم بہت بڑھ گئے ہیں، سائبرکرائم کی ایک لاکھ شکایتیں موصول ہوئیں ، انٹرپول سےرابطہ ہے،سنگاپور ،بھارت کے لنک پرتحقیقات ہورہی ہیں نیوزی لینڈ دورہ سبوتاژکرنے والوں کے قریب ہیں عنقریب بے نقاب کریں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادراویکسینیشن والے معاملےمیں ہماراقصور نہیں ، نادرا کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسا نہ ہو تاہم پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کامعاملہ ریویوکرنے جارہے ہیں اورای پاسپورٹ شروع کرنے کا فیصلہ ہواہے۔
افغانستان سے آنے اور جانے والوں کے حوالے سے شیخ رشید نے بتایا کہ طورخم اور چمن میں آئی بی ایم ایس لگادیا گیاہے، افغانستان سے آنیوالوں کی تعداد جانیوالوں سےکم ہے۔
مسلم لیگ ن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے کہا تھا ن میں سے م نکلے گی ، اب میں سمجھتا ہوں ن لیگ تین دھڑوں میں تقسیم ہوگی، اچھی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہےہیں، ملک میں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بنی گالہ کی پراپرٹیز کے معاملات ہیں، قیمتیں بڑھ گئی ہیں، 2دن میں جو4قتل کےواقعات ہوئے اس کی وجہ بنی گالہ پراپرٹی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں نیا سیاسی ماحول دیکھ رہاہوں آج جیسے حالات نہیں ہوں گے ، ن لیگ انتشار اور جوڈوکراٹےسے برباد ہوگی ، گھر کی بات گھر میں رہنی چاہیے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہماری فوج صلاحیتوں سے لبریز ہے ،دہشتگردی کیخلاف ہماری عظیم فوج اورقوم نے 86ہزارجانوں کا نذرانہ دیا، دہشتگردی نے سر اٹھایا تو اسے کچل دیاجائیگا، فوج میں دہشت گردی کے خلاف جذبہ پہلے سے زیادہ ہے تاہم کالعدم تنظیموں سمیت دیگردہشتگردی کاخطرہ موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کیلئے سیاست کرنی ہے، اسلام آبادکو اکھاڑا نہ بنایاجائے، امن وامان کیساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں،اسلام آباد میں انتشار کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔