اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خبردار کیا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میں ان کے ساتھ کوئی مستی ہوئی تو نواز شریف اور شہباز شریف ساری عمر بھگتیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے بے تاب ہے، وہ آج شام 4بجے ریلوے اسٹیشن سے لاہور روانہ ہونگے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا بے صبری سے انتظار ہے، پی ایس ایل کے فائنل میں جو بھی ٹیم فاتح ہو جیت پاکستان کی ہی ہوگی، حکومت کو ان کا میچ دیکھنا بھی برداشت نہیں ہورہا۔
شیخ رشید نے خبردار کیا کہ نوازشریف اور شہباز شریف نے میرے ساتھ کچھ کیا تو بھگتیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آصف زرداری کو کہا کہ لوگ آپ کو نواز شریف کی انشورنس پالیسی سمجھتے ہیں، آپ واضح کریں کہ چوروں کے ساتھ ہیں یا چوکیدار کے ساتھ ہیں،پیپلز پارٹی پاناما ڈان لیکس اور نوازشریف سے تعلقات پر اپنا فیصلہ کرے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے لئے دو سال کی مدت پر سب متفق ہیں پیپلز پارٹی اپنے تحفظات لیکر پارلیمانی کمیٹی میں آئے پی ایس ایل پر آصف زرداری نے مجھے کہا کہ آپ نے بڑی غلطی کی ہے ۔