راولپنڈی :عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’ٹرمپ نے پیار کی پینگیں ہمارے ساتھ ڈالیں، مگر 10 سالہ دفاعی معاہدہ بھارت سے کر لیا۔‘‘
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس صداقت علی نے میرا نام ای سی ایل سے نکالا تھا جبکہ اے ٹی سی نے بھی بیرونِ ملک جانے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ "ہائیکورٹ کافیصلہ چیلنج کریں گے ان کا فیصلہ نہیں مانا جارہا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ٹرمپ نے پیار کی پینگیں ہمارے ساتھ ڈالیں، لیکن 10 سالہ دفاعی معاہدہ بھارت سے کرلیا۔”
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ "ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، مقدمات کی ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہوتا ہوں، جبکہ جس وقت وقوعہ ہوا، میں پاکستان میں موجود نہیں تھا۔”
مزید پڑھیں : اسلام آباد ایئرپورٹ پر شیخ رشید کوعمرے پر جانے سے روک دیا گیا
یاد رہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔
شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے تحریری حکم جاری کیا تھا، جس میں ان کو عمرے پر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔


