اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کے 37 اراکین کا فارورڈ بلاک اسی ماہ بن جائے گا، جو لوگ چیخ رہے ہیں ان کی گرفتاری قریب ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے رائل پام کا چارج سنبھال لیا ہے، بے نامی زمینوں میں ریلوے کو اربوں روپے کی جائیداد ملی، جو جائیداد ملی اس پر ہم نے کمیٹی بنا دی۔ ہم نے رواں سال 32 ارب پیسے کمائے، 4 ارب کا خسارہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم تہذیب اور شالا مار باغ کا کیس بھی کرنے جا رہے ہیں، اخراجات میں تاریخی کمی کی ہے۔ ڈالر بڑھنے سے تیل میں 4 ارب کا نقصان ہوا، لاہور سے میانوالی کا ٹریک بھی بحال کرنے جا رہے ہیں، 10 ہزار ملازمین کے بیلٹ ہو رہے ہیں۔ ایم ایل ون پی سی این میں چلا گیا ہے۔ تمام ٹی ایل اے ملازمین کو بحال کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 24 ٹرینیں چلائی ہیں، 60 لاکھ مسافر بڑھائے۔ آئندہ ماہ ایک فریٹ ٹرین کا ٹینڈر کرنے جا رہے ہیں۔ پرانے ٹریکس ہونے کی وجہ سے ہمیں مسئلہ ہے۔ 19 لوگوں کو نوٹس دے رہا ہوں فوری ریلوے کے پیسے واپس کریں۔ ریلوے میں بھرتیوں کو ڈبل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں 37 رکنی فارورڈ بلاک کے لیے تیار ہے، قومی اسمبلی میں بھی ن لیگ فارورڈ بلاک کا اعلان جلد ہوگا۔ رواں ماہ پنجاب میں ن لیگ کا فارورڈ بلاک بن جائے گا، قومی اسمبلی میں فارورڈ بلاک کے لیے ابھی نمبر کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے افراد چیخ رہے ہیں ان کی گرفتاری قریب ہے، جو سہولتیں سیاسی قیدیوں کو ہیں وہ سب کو ہونی چاہئیں۔ جیل میں انہیں سب سہولتیں مل چکی ہیں جھگڑا گھر کے کھانے پر ہے، ’انہیں گھر کا کھانا بھی کھانے دیں، یہ لوگ کھا کھا کر ہی مر جائیں گے‘۔ میری والدہ کا انتقال ہوا مجھے کسی نے پروڈکشن آرڈر پر نہیں بلایا، انہیں جیل میں 60 انچ کی اسکرین اور اے سی لگے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو لیڈر آف اپوزیشن بنا کر سازش کی گئی، کوشش کی گئی شہباز شریف اپوزیشن لیڈر ہوگا تو بچ جائے گا۔ عمران خان دوبارہ جیتے گا اور یہ دوبارہ ہاریں گے۔ چیئرمین سینیٹ رہے یا نہیں سیاست پر کیا فرق پڑے گا۔ ہر پارٹی میں مافیا بیٹھی ہے کوئی چینی چور ہے تو کوئی آٹا چور ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون تک جھاڑو پھر جائے گا، میری اگلی پریس کانفرنس سے پہلے اسحٰق ڈار کو لایا جا سکتا ہے، اللہ نے ان لوگوں کو سزا کے لیے دولت دی ہے۔