جمعہ, مارچ 28, 2025
اشتہار

نواز شریف سے کرپشن کی رقم برآمد کر کے آئی ایم ایف کا قرضہ چکایا جائے، شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی میں حدیبیہ پیپرمل کا ذکرکیا گیا ہے جس میں اسحاق ڈار بھی نامزد ہیں چنانچہ انہیں عدالتی حکم کا احترام کرتے ہوئے عہدے سے دستبردار ہوجانا چاہیئے.

ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈارکے لیے مشکل وقت آرہا ہے اس سے قبل خود ہی انہیں استعفٰی دے دینا چاہیے.

شیخ رشید نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر نے حدیبیہ کیس کو 7 روز میں کھولنے کا کہا تھا اور نوازشریف کے چند مزید مقدمات کے جواب آنا شروع ہوگئے ہیں.

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف 21 مقدمات ہیں جن میں صرف دو مقدمات کا سامنا کیا گیا ہے باقی 19 مقدمات میں شریف خاندان پیش ہی نہیں ہوا ہے.

شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب اور ترکی میں این آر او کی کوشش کی جارہی ہے اور لندن میں موجود ایک شخص بھی درمیانہ راستہ نکالنے کے لیے کوششیں کررہا ہے.

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کاخاندان پاکستان سےمذاق کررہاہے، 50 وزراء اور 50 ایڈوائزر ہیں پھر بھی ان سے قومی اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہوتا، حکومت ختم ہو چکی ہے،اسمبلی توڑیں اورنئےالیکشن کرائیں.

شیخ رشید نے کہا کہ ایل این جی کا کیس قوم کے سامنے لارہا ہوں اور شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں ان کے پارٹنر بھی ہیں اسی طرح منی لانڈرنگ کرنے والوں کو اسٹیٹ بینک میں لگا دیا گیا ہے، کیا اسطرح ملک چلائے جاتے ہیں ؟

انہوں نے کہا کہ اقامہ میں پکڑے گئے ہیں اور جعلی دستاویزات جمع کرائے ہیں جس کی سزا 7 سال کی قید ہوتی ہے تاہم سپریم کورٹ نے پھر بھی نوازشریف کوبہت لحاظ کیا ہے.

شیخ رشید نے دوحہ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں قطر جا کر لندن فلیٹس اور قطری خط سے متعلق تمام معلومات خود حاصل کروں گا اور ثبوت لے کر واپس آؤں گا.

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے این اے 120 کے ضمنی الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور والوں نےغلامی کی زنجیر توڑ دی تو ملک مضبوط و مستحکم ہوگا اور یہ الیکشن قانون کی بالادستی کے لیے اہم انتخاب ثابت ہوگا.

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے فوج اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فوج اورعدلیہ نے بڑی برداشت کا مظاہرہ کیا ہے

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ این اے 120 سے مریم ٹکٹ لینا چاہتی تھی، اُسے بے نظیربھٹو بننے کا شوق ہے جس کے لیے اس نے شہباز شریف کو سائیڈ لائن لگا دیا جو بھتیجی چچا پر اعتماد نہیں کر رہی ہے تو لوگ اس پرکیوں اعتماد کریں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے اقتدارمیں سب سے بڑی تباہی کا ہاتھ مریم کا ہے جو اپنے اقدامات سے صرف پارٹی ہی نہیں بلکہ مشترکہ خاندانی نظام کو ہی توڑ دے گی.

شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کو جیلوں میں ڈال کر آئی ایم ایف کا قرضہ چکایا جائے اور نواز شریف نے 4 سال میں 35 بلین ڈالرز کا قرضہ لیا ہے.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں