ملتان : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے وہ بھارت کا حاضر سروس نیوی افسر اور جاسوس تھا جو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا ذمہ دار ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کی اُس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرانا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بین الااقوامی قوانین کے احترام کا مظہر ہے اور پاکستان ہمیشہ سے ان اعلیٰ روایات کا امین رہا ہے.
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گو اقوام متحدہ میں کلبھوشن کے معاملے پر حکومت نے بے ایمانی کی اور جنیوا میں کلبھوشن کا کیس ٹھیک نہیں لڑا تاہم جنیوا قانون کے مطابق ملاقات کرانا مثبت قدم ہے لیکن دہشت گردوں اورملک دشمن جاسوسوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے.
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ملاقات کامیاب ہوگی جس کے مثبت نتائج ملیں گے اور قوم کو نئی خوشخبری ملے گی چنانچہ اب پوری قوم لاہور جانے کے لیے تیار ہو جائے جہاں سے کرپٹ حکمرانوں کا جنازہ نکلے گا.