جمعہ, دسمبر 13, 2024
اشتہار

’عمران خان نا اہل ہونے کی اسٹیج سے نکل چکے ہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نااہل ہونے کی اسٹیج سے نکل چکے ہیں، موجودہ حکمران جو بھی کام کر رہے ہیں اس کا فائدہ عمران خان کو ہو رہا ہے۔

شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان درست کہتا ہے جو پتھر ہم پر گر رہا تھا اس کے نیچے یہ لوگ آگئے ہیں، تباہی ن لیگ کی ہوئی ہے پیپلز پارٹی اب سائیڈ پکڑتی جا رہی ہے، عام انتخابات میں جھاڑو پھر جائے گا اسی لیے یہ عام انتخابات پر نہیں جا رہے، لیکن الیکشن میں تاخیر سے عمران خان کی پوزیشن مضبوط ہوتی جا رہی ہے، یہ الیکشن میں جتنی تاخیر کریں گے ان کا اتنا ہی زیادہ نقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور شہباز شریف جیسے لوگوں نے دکانیں لگائی ہوئی ہیں، ان لوگوں کی بریت سے عمران خان کو فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ عوام سب جانتےہیں، آج کل کبوتر چور کی ضمانت نہیں ہوتی لیکن ملک بیچنے والوں کی ہوجاتی ہے، یہ جہاں جاتے ہیں چور چور کے نعرے ان کا تعاقب کرتے ہیں۔

- Advertisement -

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت ظلم ہو رہا ہے، مہنگائی سے لوگ بہت پریشان ہیں، مایوسی پھیل رہی ہے، لوگوں کے جذبات ہوتے ہیں، عمران خان نے بہت جلسے کر لیے ہیں، بس اب بہت ہوگیا ہے، انہیں کہا ہے اب ٹرین نہیں چھوٹنی چاہیے، ایسا نہ ہو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا جائے، عمران خان پہلے بھی مطمئن تھے کہ عدم اعتماد نہیں ہوگی لیکن ہوگئی، عمران خان کیساتھ پھر دھوکا ہو سکتا ہے، اب پھر کہتا ہوں دیر نہ کریں نقصان ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت لوگ لڑنے مرنے کیلئے تیار ہیں بس عمران خان کا انتظار کر رہے ہیں، لیکن وہ دیر کر رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ اتوار کو ضمنی الیکشن کے بعد کال دے دیں گے، ہزاروں لوگ تو میں بھی نکال سکتا ہوں، عمران خان لاکھوں لوگ لائیں گے، اب اگر ایک بھی لاش گری تو لوگ سری لنکا کو بھول جائیں گے، دعا کریں کال سے پہلے یہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیں، بہت لوگوں کیلیے میرا پیغام ہے وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وقت پر فیصلہ سنا دیتا ہے، الیکشن کی تاریخ جتنی جلدی مل جائے ملک پر احسان ہوگا، پاکستان میں شفاف الیکشن ہوگئے تو اداروں کو بے پناہ عزت ملے گی۔

سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ میں منافقت کی سیاست نہیں کرتا، پہلے ہی کہا تھا عمران خان کیساتھ رہوں گا، ان کے ساتھ کھڑا ہوں، وہ کہتے ہیں کہ اسمبلی نہیں جانا تو کیسے جاسکتا ہوں، جب کنگ آف دی لوٹا راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر ہوگا تو ایسی اسمبلی میں نہیں جاسکتا، اب الیکشن میں ہی جاؤں گا، صدرعارف علوی کیا کر رہے ہیں مجھےنہیں معلوم لیکن وہ عمران خان کی پارٹی کے ہیں اور ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پنجاب میں حکومت تبدیلی کا خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، چوہدریوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں، وہ بھی معمولی لوگ نہیں، پوری گیم کھیل کر آئے ہیں، چوہدری شجاعت کبھی نہیں چاہیں گے کہ پرویز الٰہی پنجاب سے آؤٹ ہوں، میری سیاست میں15 اکتوبر سے15 نومبر اہم دن ہیں، الیکشن کا بھی اعلان ہوجائیگا۔ کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، میرا تو فون دیکھ کر بند کر دیتے ہیں، انہیں بھی یقین نہیں آرہا ہوگا کہ میں گورنر بن گیا ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں