اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کیلیے آنے والے دہشتگرد نہیں بلکہ پُرامن مظاہرین تھے۔
شیخ وقاص اکرم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے احتجاجوں کی تاریخ میں ایسا رویہ کبھی نہیں ہوا، حکومت نے فسطائیت کے ساتھ پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شہادتوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، ہمارے بہت سے لوگ لاپتا اور بہت سے گرفتار ہیں، ہمارے بہت سے لوگ زخمی اور بہت سے شدید زخمی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پولیس الگ فیگر دے رہی ہے ہمارے پاس الگ فیگر ہے، حکومت شہادتوں کو چھپانے کی کوششیں کر رہی ہے، حکومت کا بیان ہے کہ ایک گولی نہیں چلی جبکہ ہمارے پاس نام اور شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کون سا قانون لوگوں پر گولیاں برسانے کی اجازت دیتا ہے؟ سمجھتا ہوں یہ احتجاج تاریخ کی سب سے بڑی موبلائزیشن تھی، مظاہرین رکاوٹیں ہٹاتے رہے اور بانی کے حکم پر ڈی چوک پہنچے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر رول لگانے کی بازگشت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سن لو یہ پختونوں کی سرزمین ہے، پختونوں کی زمین کو نگلنے کی کوشش کی تو تمہاری نسلیں بھی پچھتائیں گی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے گاڑیاں ہڑپ کی ہیں نیب کی ٹیم پہلے ان کو گرفتار کرے، نیب پہلے حسن اور حسین نواز کو گرفتار کرے، لندن میں بڑے بڑے اپارٹمنٹ ہیں اور خود کو دیوالیہ قرار دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کرتے ہیں ہم من و عن تسلیم کرتے ہیں، میرے ملازمین اور گاڑیاں غائب ہیں فوری رہا کیا جائے، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور پر قاتلانہ حملہ ہوا انکوائری کی جائے۔