اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ نوٹس کی کاپی اے آروائی نیوزکوموصول ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کی معافی تلافی بھی کسی کام نہ آئی۔ شیریں مزاری کا غصہ کم نہ ہوا۔ بلکہ ان کے لہجے میں مزید تلخی آ گئی۔
پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ پارلیمنٹ میں شیریں مزاری خوب گرجی برسیں اور اب شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیاہے۔
لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے خواجہ آصف نے ایوان میں جو الفاظ استعمال کیے اس سے میری بے عزتی ہوئی، خواجہ آصف نے مجھ سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو نازیبا لفظ سے مخاطب کرنے پر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔
دوسرے دن خواجہ آصف نے اپنے الفاظ پر معافی بھی مانگی جسے شیریں مزاری نے قطعی طور پر مسترد کردیا۔ بعد ازاں اسی معاملے پر اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔