کراچی : پپیپلزپارٹی کی رہنما اورسینٹر شیری رحمان نے بلاول بھٹو اور ان کے عوامی اجتماعات کو سیکیورٹی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انتظامیہ نے اقدام نہیں لیا تو ہمارے مطالبے بڑھ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پپیپلزپارٹی کی سینئر خاتون رہنما شیری رحمان نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کے عوامی اجتماعات کو سیکیورٹی مہیا کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ منصفانہ انتخابات نگران حکومت اورالیکشن کمیشن کی ذمےداری ہے، انتظامیہ نے اقدام نہیں لیاتو ہمارے مطالبے بڑھ سکتے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اپنی والدہ کے مشن کے ساتھ عوام میں جا رہے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز شہر قائد کے قدیم علاقے لیاری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر علاقہ مکینوں نے شدید پتھراؤ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دیے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے پی پی کا جھنڈا بھی نذرِ آتش کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا
جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، مکینوں کے پتھراؤ کے جواب میں جیالوں نے بھی جوابی پتھراؤ شروع کردیا تھا اور علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا۔
دریں اثنا پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما شیری رحمان نے قافلے پر پتھراؤ اور عوامی احتجاج پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو آگے بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے جائیں گے، لیاری کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، 25 سے 30 لوگوں کو جمع کر کے قافلہ روکنے کی کوشش کی گئی، لیاری کے لوگوں کو استعمال کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیاری دورے کی اجازت پہلے سے لے رکھی تھی، رکاوٹوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔