اسلام آباد :نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بلاول بھٹو کے لندن کے دورے سے پریشان ہے ، بلاول بھٹونے ثابت کر دیا وہ اس ملک کی سیاست کا مرکز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ناکام سیاستدانوں کو بلاول بھٹوسےخوف ہے اور پی ٹی آئی بلاول بھٹو کے لندن کے دورے سے پریشان ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو عمران خان اور ان کےترجمانوں کے اعصاب پرسوارہیں، بلاول بھٹونےثابت کر دیا وہ اس ملک کی سیاست کا مرکز ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ مخالفین کے پاس سیاسی جواب نہیں ہوتے تو ذاتیات پر اترآتےہیں، ہمارے نوجوان قائد نے ان کی سیاسی دکان بند کر دی ہے، اب بد تہذیبی کی نہیں، پارلیمان، آئین اور جمہوریت کی سیاست ہوگی۔
خیال رہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو لندن میں موجود ہیں ، جہاں انھوں نے نواز شریف سے ملاقاتیں کیں ، معاملات طے ہونے کے بعد دونوں جماعتوں میں آئندہ انتخابی معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔