یاسمین راشد نے مریم نواز کو خوف میں مبتلا کردیا ہے،شیریں مزاری

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد نے مریم نواز کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، اب این اے 125سے ایاز صادق یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا یاسمین راشد نے مریم نواز کو خوف میں مبتلاکر دیا ہے، مریم نواز این اے 125سے یاسمین راشد کا مقابلہ نہیں کریں گی، اب ایازصادق یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گے۔
Dr Yasmin Rashid has sent Maryam Nawaz into a state of fear so she will not contest from NA 125 against PTI's great lady! Instead Ayaz Sadiq it seems will be facing Dr Yasmin! @AndleebAbbas
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) June 9, 2018
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے قومی اسمبلی کے لیے لاہور کے حلقہ این اے 125 اور این اے 127 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے تھے ۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ این اے 125 پر مریم نوازاور پی ٹی آئی کی یاسمین راشدمیدان میں ہوں گی اور این اے ایک سوانتیس لاہور پر ایازصادق اور تحریک انصاف کے علیم خان ٹکرائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں سے قبل این اے 125 مسلم لیگ (ن) کا گڑھ این اے 120 تھا، جہاں سے نااہل قرار دیئے جانے سے قبل الیکشن 2013 میں نواز شریف کامیاب ہوئے تھے۔
این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں کلثوم نواز 61ہزار ووٹوں کیساتھ کامیاب قرار پائی تھیں جب کہ تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 47ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔
کلثوم نواز کے بیرون ملک جانے کے باعث مریم نواز نے ضمنی انتخابات کے دوران حلقے میں الیکشن مہم چلائی جس میں انہیں بھرپور پزیرائی ملی۔