اتوار, ستمبر 1, 2024
اشتہار

’’مودی نے انسانوں کو نوکریاں دی ہیں یا بھوتوں کو‘‘؟ شیوسینا کا طنزیہ سوال

اشتہار

حیرت انگیز

شیوسینا یو بی ڈی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید اور طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نوکریاں انسانوں کو دی گئی ہیں یا بھوتوں کو۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں ایئر انڈیا کی جانب سے ایئرپورٹ لوڈر کی 600 ملازمتوں کے حصول کے لیے 25 ہزار لوگ آگئے اور وہاں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس سے قبل گجرات میں بھی ایسا ہی منظر دیکھنے میں آیا تھا جہاں 10 ملازمت کی اسامیوں کے لیے 1800 بیروزگار نوجوان آئے تھے اور دھکم پیل ہوگئی تھی۔

مذکورہ صورتحال پر شیوسینا یو بی ڈی کے لیڈر آنند دوبے نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے طنز کے تیر برسا دیے ہیں اور کئی فکر انگیز سوالات پوچھے ہیں۔

- Advertisement -

آنند دوبے نے کہا کہ گجرات کے بعد ممبئی میں بھی چند ملازمتوں کے لیے ہزاروں بے روزگاروں کا امڈ آنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارے ملک میں ملازمتیں نہیں ہیں۔ اس کے باوجود وزیراعظم مودی کہتے ہیں کہ پچھلے چار سالوں میں انہوں نے 8 کروڑ سے زیادہ نوکریاں دیں تو یہ سب کہاں گئے۔

انہوں نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ آپ نے یہ 8 کروڑ نوکریاں انسانوں کو دی ہیں یا بھوتوں کو جو نظر ہی نہیں آتے۔

شیوسینا رہنما کا کہنا تھا کہ یا تو آپ یہ مان لیں کہ ہمارے ملک میں ملازمتیں نہیں ہیں اور آپ صرف بیان بازی کرتے ہیں۔ یا پھر آپ یہ مان لیں کہ ملازمتوں کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے یہ نوجوان ہمارے ملک کے نہیں ہیں اور بیرون ملک سے آئے ہیں۔

انہوں نے ملک کے تعلیمی نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان دن رات پڑھ کر امتحانات کی تیاری کرتے ہیں لیکن پیپرز لیک ہو جاتے ہیں۔ کیا آپ اسی طرح کا ترقی یافتہ ہندوستان بنانا چاہتے ہیں؟

شیوسینا یو بی ٹی کے ایک اور لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی نے ہمارے ملک کے نوجوانوں کو برباد کر دیا ہے۔ اس کی پالیسی ہمارے نوجوانوں کو روزگار سے دور رکھنا اور انہیں منافرت و تقسیم کاری کی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں