بھارت کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہیرو شیوم دوبے کو اہلیہ نے حاضری دماغی کی بدولت ٹرین میں ہجوم سے بچا لیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت نے 96 رنز کی شاندار فتح حاصل کی جس کے بعد شیوم دوبے چار سالہ بیٹے اور دو سالہ بیٹی کے پاس پہنچنے کے لیے بے تاب تھے۔
ممبئی کے لیے تمام پروازیں بک ہونے کی وجہ سے شیوم دوبے نے اہلیہ انجم خان اور ایک دوست کے ساتھ ٹرین کے سفر کا انتخاب کیا۔
آل راؤنڈر نے بتایا کہ کوئی فلائٹ دستیاب نہیں تھی اس لیے میں نے صبح سویرے احمد آباد سے ممبئی کے لیے ٹرین سے سفر کرنے کا فیصلہ کیا، میں نے ٹوپی، ماسک اور پوری آسٹین والی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی تاکہ پہچانا نہ جاسکوں۔
دوبے آخری لمحات میں ٹرین میں سوار ہوئے اور سیدھے برتھ پر چلے گئے اس امید کے ساتھ کہ گھر تک کا آٹھ گھنٹے کا سفر پرسکون گزرے گا۔
ان کی احتیاط اس وقت ناکام ہوگئی جب ٹکٹ چیکر نے کوچ میں داخل ہوکر بلند آواز میں کہا کہ کیا شیوم دوبے مسافروں میں موجود ہیں؟ ان کی اہلیہ انجم نے فوری مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ نہیں، نہیں وہ یہاں کیسے ہوسکتے ہیں؟
اہلیہ کی حاضر دماغی کے باوجود ممبئی پہنچنے پر دوبے کو باحفاظت باہر نکلنے کے لیے پولیس کی مدد کی ضرورت پڑی۔
شیوم دوبے نے بتایا کہ پولیس کو لگا تھا کہ میں ایئرپورٹ پر اتروں گا لیکن جب انہیں بتایا کہ ٹرین سے سفر کررہا ہوں تو وہ حیران رہ گئے، مجھے پولیس اسکارٹ فراہم کیا گیا جس سے چیزیں آسان ہوگئیں اور میں آرام سے باہر نکل سکا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


