اسلام آباد(19 جنوری 2026): پاکستان میں فائیو جی کی لانچنگ سے متعلق بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی حکومت نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی رمضان میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان حکومت نے رمضان المبارک 2026 کے مہینے میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے، اور نیلامی کے بعد چھ ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروسز لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا کہ کوشش ہے فروری کے آخر تک فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کردیں، نیلامی کے بعد تین چار ماہ میں تھری جی اور فور جی سروس بہتر ہوجائے گی۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہےکہ 6 ماہ میں بڑے شہروں میں فائیو جی سروس لانچ کردیں، پی ٹی اے اسٹیک ہولڈرز سےکوالٹی آف سروس، رول آؤٹ شرائط پر مشاورت کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ ٹیلی کام کمپنیاں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں، تمام کمپنیوں کو 3 ہفتے کا وقت دیا گیا ہے، مشاورت کے بعد فروری کے پہلے ہفتے میں انفارمیشن میمورنڈم کو حتمی شکل دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


