تازہ ترین

یوٹیوب گولڈن بٹن کا اعزاز ملنے کے بعد شعیب اختر کا بڑا اعلان

روالپنڈی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو یوٹیوب نے گولڈن پلے بٹن کے اعزاز سے نواز دیا۔

تفصیلات کے مطابق شعیب اختر اب تک وہ واحد پاکستانی شخصیت ہیں جنہوں نے بہت کم وقت میں یوٹیوب کا گولڈن پلے بٹن حاصل کیا، واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے یوٹیوب چینل پر 10 لاکھ سبکرائبر ہونے کے بعد یہ بٹن دیا جاتا ہے۔

شعیب اختر نے مداحوں کو یوٹیوب بٹن ملنے کی خوش خبری سناتے ہوئے ویڈیو شیئر کی۔

راولپنڈی ایکسپریس نے اپنے مداحوں اور سبسکرائبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوٹیوب کے لیے بھی تعریفی کلمات ادا کیے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ’گولڈن پلے بٹن‘ ملنے کے بعد ان کا حوصلہ مزید بلند ہوگیا اور اب وہ جلد ہی کھیل سے متعلق اپنے یوٹیوب چینل پر ٹاک شو بھی شروع کرنے جارہے ہیں۔

سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر نے پاکستان سمیت بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا اور دنیا بھر میں رہنے والے مداحوں کو بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے رواں برس کے آغاز پر اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا اور وہ مختلف موضوعات بالخصوص کرکٹ کے حوالے سے اپنے تجزیات شیئر کرتے تھے ایک ویڈیو میں انہوں نے بالی ووڈ اداکارؤں کے حوالے سے لگنے والے الزامات پر بھی صفائی پیش کی تھی۔

شعیب اختر کے یوٹیوب چینل پر گزشتہ ماہ ہی 10 لاکھ سبسکرائبرز ہوگئے تھے تاہم انہیں کمپنی کی جانب سے اب پلے بٹن کا اعزاز بھیجا گیا۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ کا پلے بٹن

یوٹیوب کی جانب سے منفرد تخلیقاتی ویڈیوز شیئر کرنے کے اقدام کو سراہا جاتا ہے، ایسے صارفین کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے اور عوامی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے انہیں سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور کسٹم بٹن کے اعزاز سے نوازتی ہے۔

Comments

- Advertisement -
عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں