ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل وولٹیج ہائی ہوگیا، راولپنڈی ایکسپریس نے بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کو ماضی یاد دلادیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا سے ‘پاک بھارت ٹاکرا’ پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ چوبیس تاریخ کو 20، بیس اوورز گرنے ہیں، آپ کو لگ پتہ جائے گا کہ کس کے ساتھ میچ ہوا ہے؟
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم بہت تگڑی ہے اور بہترین فارم میں ہے، آپ لوگ ہماری بولنگ اور مڈل آرڈر کو کم درجہ بندی پر رکھ رہے ہیں،اگر ہمارا اوپنر فخر زمان چل گیا تو وہ آپ کے پلے پڑجائے گا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے جیتنے کے لئے بیس اوورز کھیلنے ہونگے پاکستان کوئی واک اوور نہیں ہے اور نہ ہی بھارت واک اوور ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں تک پیسہ لگا کر پہنچے ہیں جبکہ پاکستان اپنی محنت سے یہاں تک پہنچا ہے، مجھے امید ہے کہ میچ تگڑا ہوگا مگر اس کے لئے شرط یہ ہے کہ وکٹ اچھی بنائی جائے۔
پروگرام میں موجود سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ایک بار پر ہزرہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ شعیب کہتا ہے کہ پاکستان 200 یا اس سے زائد رنز بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے مجھے شعیب یہ تو بتائے کہ اتنے رنز بنائے گا کون؟ مجھے تو پاکستان ٹیم میں ایسا کوئی نظر نہیں آتا۔
ہربھجن کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف دو سو رنز بنانے کے لئے پاکستان کو خواب سے جاگنا ہوگا، شعیب اختر نے ترکی بہ ترکی جواب دیا کہ حفیظ اور فخر، جس کے جواب میں ہربھجن کا کہنا تھا کہ سپنوں سے جاگو گیں تو سپنے پورے ہونگے ناں!