ہفتہ, دسمبر 7, 2024
اشتہار

میر ہزارخان بجارانی اوراہلیہ کےدرمیان اکثرجھگڑارہتا تھا،ملازم کا بیان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : میر ہزار خان بجارانی کے ملازم نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ میر ہزار خان بجارانی اوراہلیہ کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، دونوں انگلش میں باتیں کرتے تھے سمجھ نہیں آتی تھی، ایک روز پہلے بھی بہت زیادہ جھگڑا ہوا تھا۔

تفصیلات کے مطابق میر ہزار خان بجارانی کیس میں مزید انکشافات سامنے آئے ، تفتیشی ٹیم نے میر ہزار خان بجارانی کے ملازمین کا بیان قلمبند کیا ، ملازم نے اپنے بیان میں کہا کہ میر ہزار خان بجارانی اوراہلیہ کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، دونوں انگلش میں باتیں کرتے تھے، سمجھ نہیں آتی تھی، ایک روز پہلے بھی بہت زیادہ جھگڑا ہوا تھا۔

ملازم نے بتایا بی بی نے تمام ڈرائیوروں کو بلاکر کہا ساری گاڑیوں کی چابیاں دو، ہم نے چابیاں بیگم صاحبہ کو دے دی، صاحب کو بال کٹوانے جانا تھا تو ہمارے پاس گاڑی کی چابیاں نہیں تھیں، ڈرائیور نے میر ہزارکو کہا بی بی نے منع کیا آپ کو گاڑی نہ دیں۔

- Advertisement -

ملازم کے بیان کے مطابق صاحب نے اپنے دفترفون کیا،گاڑی منگوائی اوربال کٹواکرواپس آئے، جب صاحب جارہے تھے تب بھی دونوں میں تلخ کلامی ہورہی تھی۔

مزید پڑھیں :  کراچی: صوبائی وزیرمیرہزارخان بجارانی اوراہلیہ کی گھرسےلاشیں برآمد

تفتیشی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے سے سات کے درمیان پیش آیا، میر ہزار بجارانی نے پہلے فریحہ رزاق کے پیٹ میں دوگولیاں ماری، بعد میں ایک گولی بائیں جانب سر میں ماری جو دائیں جانب کان سے نکلی، میر ہزار خان بجارانی نے تین مرتبہ خود پر فائر کیے، جو مس ہوئے چوتھی مرتبہ گولی دائیں سے ہوتی بائیں جانب سے نکل گئی، پستول میں پرانی گولیاں تھی اس لیےمس فائرہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر ترقی و منصوبہ بندی میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سابق وزیر نے اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کی تھی۔

پولیس کے مطابق فریحہ رزاق کو 3 گولیاں لگیں جن میں سے 2 پیٹ پر اور ایک سر پر ماری گئی، سر پر لگنے والی گولی ہلاکت کا سبب بنی جبکہ بعد ازاں میر ہزار خان نے کنپٹی پر پستول رکھ کر خود کو گولی ماری۔

خیال رہے کہ میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا اور وہ پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے، بجارانی کا شمار پارٹی کے سینئرترین رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ 1990 سے 1993 اور 1997 سے 2013 تک رکن قومی اسمبلی رہے۔

میر ہزار خان بجارانی 2013 کے عام انتخابات میں سندھ کے حلقہ پی ایس 16 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں