بالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم شعلے کے مشہور کردار جے اور ویرُو کی سواری، 1942 کی بی ایس اے ڈبلیو ایم 20 موٹر سائیکل، بھارتی اداکار دھرمیندر کی یاد میں گوا کے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں نمائش کے لیے پیش کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مشہور زمانہ فلم شعلے کی یہ بائیک، جو گانے ’یہ دوستی‘ میں موجود تھی، دھرمِندرا کے انتقال کے بعد غیر متوقع طور پر ایک یادگار بن کر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم شعلے میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل کو شیشے کے خانے میں رکھا گیا ہے، جہاں لوگ رک کر اسے دیکھ رہے ہیں، تصویریں کھینچ رہے ہیں اور خاموشی سے اس کے سامنے کھڑے ہو کر یادوں میں بکھر جاتے ہیں، مداحوں کے لیے یہ صرف ایک مشہور فلمی سامان نہیں، بلکہ دھرمیندر کی یاد بن چکی ہے۔
دھرمیندر کے ایک مداح کا کہنا تھا کہ ہم اس موٹر سائیکل کو دیکھ کر بہت خوش ہیں، یہ ہمیں 1975 کی فلم کی یاد دلاتی ہے، شعلے واقعی ایک کلاسک مووی ہے، مگر آج جب یہ بائیک دیکھی تو خوشی کے ساتھ اداسی بھی محسوس ہورہی ہے، ہم ایک عظیم اداکار سے محروم ہوگئے ہیں۔
ایک اور مداح کا کہنا تھا کہ دھرمِندرا کا ہمارے درمیان نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے، وہ صرف ایک شخص نہیں تھے بلکہ ایک پورا دور تھے، آج یہ پچاس سالہ بائیک دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے ایک پوری تاریخ ہم سے جدا ہوگئی۔
فلم ’شعلے‘ کا ڈیلیٹ کیا گیا سین 49 سال بعد منظر عام پر آگیا
یہ موٹر سائیکل اب ایک علامت بن کر سامنے آئی ہے، جو مداحوں کے لیے نہ صرف یادوں کا حصہ ہے بلکہ فلمی تاریخ اور دھرمِندرا کی خدمات کی یاد بھی تازہ کرتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


