تازہ ترین

کراچی میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مخیر حضرات کی جانب سے دیا جانے والا سامان دکانوں پر فروخت ہونے لگا ہے، اس سلسلے میں شہری نے راشن بیچنے والوں کی ویڈیو وائرل کر دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز پولیس نے دکان دار کو گرفتار کر لیا تھا۔

دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے اسے فروخت کیے گئے سامان کے ساتھ گرفتار کیا۔ اس سے قبل وائرل ہونے والی ویڈیو میں مرد اور خاتون نے دکان دار کو راشن بیچا تھا، خاتون کہہ رہی تھی کہ ان کے پاس راشن بہت جمع ہو گیا ہے، اس کے بدلے شیمپو، صابن چاہیے۔ ویڈیو میں راشن بیچنے والا مرد بولتا ہوا دکھائی دیا کہ آٹا تو بہت ہی زیادہ ہے، اس کے بدلے رقم چاہیے۔

مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم راشن دکانوں پر بیچا جانے لگا

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع دکان کا مالک

پولیس نے خیراتی راشن کی فروخت کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دکان دار کو گرفتار کر لیا، دکان دار اعتراف کیا کہ مجھے معلوم ہے کہ اس طرح راشن خریدنا جرم ہے لیکن بیچنے والوں نے کہا تھا کہ ہماری فیملی نہیں ہے، پنجاب میں ہے اس لیے وہ اسے نہیں رکھ سکتے۔

مفت راشن خریدنے والے گلشن اقبال کے دکان دار کو پولیس گرفتار کر کے لے جا رہی ہے

پولیس اہل کار کے دریافت کرنے پر دکان دار نے بتایا کہ اس نے راشن بیچنے والوں سے 810 روپے کا سامان خریدا۔

مخیر حضرات کی جانب سے دیا جانے والا مفت راشن دکان سے برآمد

خیال رہے شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہری شدید متاثر ہو چکے ہیں، جن کے لیے مخیر حضرات نے دل کھول کر راشن کی صورت میں امداد کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاہم کچھ مفاد پرست لوگ یہ راشن لے کر مختلف دکانوں پر فروخت کر کے پیسا کمانے لگے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں عوام نے شکایت کی تھی کہ علاقے کی دکانوں پر راشن فروخت کیا جا رہا ہے۔ متاثرین نے انتظامیہ سے مفت راشن خریدنے والے دکان داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

Comments