کراچی : مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دیہاڑی دار، مزدوروں، عام آدمی کیلئے افطاری اور سحری کا انتظام مشکل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں ہونے والی مسلسل مہنگائی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے روزے پر ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آٹا چینی بحران کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے، اگر ذمہ داروں کو کٹہرے میں نہ لایا گیا تو بحرانوں پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس بات کی منتظر ہے کہ حکومت آٹا چینی مہنگا کرنے والوں کو پکڑے گی یا ایک نیا یوٹرن لے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب تو دکاندار بھی من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں، دیہاڑی دار، مزدوروں، عام آدمی کےلیے افطاری اور سحری کا انتظام مشکل ہوگیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے ملازمین کے گیس اور بجلی بل معاف کئے جائیں۔