اسلام آباد: رمضان المبارک میں خریداری کرنے والوں کےلیے بڑی خبر آگئی، ماہ مقدس میں شہر میں 7 رمضان بازار کیش لیس ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں کو کیش لیس بنایا جائے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنایا جا سکے، انھوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ماہ مقدس کے آغاز سے قبل تمام تعمیراتی اور مرمتی کام مکمل کر لیے جائیں۔
وفاقی دارالحکومت میں سات کے قریب رمضان بازار لگائے جائیں گے اس کے علاوہ تین ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا۔
رمضان المبارک کا آغاز کب سے ہوگا ؟ متوقع تاریخ سامنے آگئی
عوام کو سستی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کےلیے اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ بہارہ کہو، پاکستان ٹاؤن اور ترنول میں اضافی رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔
حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بازاروں میں کیش اینڈ کیری آؤٹ لیٹس کے ساتھ ساتھ مختلف کمپنیوں کے اسٹالز بھی شامل ہوں گے جبکہ عید الفطر سے قبل رمضان کے آخری 10 دنوں میں "چاند بازار” کا انعقاد کیا جائے گا۔
انھوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ باقاعدگی سے بازاروں کا دورہ کرکے انتظامات کی نگرانی کریں اور قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ صارفین کےلئے موثر اور فوری شکایت کے ازالے کا طریقہ کار وضع کیا جائے شہریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
دنیا بھر میں ایک سال میں 2 رمضان المبارک اور 2 عیدالفطر کب ہوں گی؟
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


