ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بالی وڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور کو بھی آن لائن بیٹنگ ایپ کیس میں تفتیش کیلیے طلب کر لیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ای ڈی مہادیو نامی بیٹنگ ایپ کے ذریعے ہونے والی منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات میں مصروف ہے۔ اسکینڈل میں متعدد بالی وڈ اسٹارز ای ڈی کے ریڈار پر ہیں۔
تحقیقاتی ایجنسی نے تفتیش کیلیے رنبیر کپور، کپل شرما، ہما قریشی اور حنا خان کو طلب کر رکھا ہے جنہوں نے پیش ہونے کیلیے مزید دو ہفتوں کا وقت مانگا ہے۔
اب شردھا کپور کو بھی پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کب پیش ہوں گی؟
ان فنکاروں کو کیس میں ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔ ان سے صرف اس بارے میں تفتیش کی جائے گی کہ وہ ایپ اور اس کے طریقہ ادائیگی کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔
ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ رنبیر کپور نے بیٹنگ ایپ کیلیے متعدد اشتہارات میں کام کیا اور پیسے کمائے۔
قبل ازیں ای ڈی نے اس سلسلے میں ممبئی کے متعدد علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے 417 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد کی۔ سوربھ چندراکر اور روی اپل نے سٹے بازی کیلیے ایپ اور ویب سائٹ بنائی۔ اگرچہ انڈیا میں یہ غیر قانونی ہے لیکن ملزمان نے اس کام کو دیگر ممالک میں جاری رکھا۔