بھارت کی معروف اور مقبول گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنے شوہر شیلادتیہ مکھوپادھیائے کے ساتھ ازدواجی زندگی، گھریلو ذمہ داریوں کی تقسیم اور باہمی تعاون کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران شریا گھوشال نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں شیلادتیہ جیسا بہترین شریکِ حیات ملا ہے جو گھر کے کاموں میں ان کا بھرپور ساتھ دیتا ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر اپنے برتن خود دھوتے ہیں، باورچی خانے کی صفائی کرتے ہیں اور گھر کے کئی دیگر امور بھی خود سنبھالتے ہیں، جبکہ شیلادتیہ کو یہ بات ہرگز پسند نہیں کہ گھر کے یہ سارے کام اکیلے وہی کریں۔
شریا کا کہنا تھا کہ دونوں کی مصروف پیشہ ورانہ زندگی کے پیشِ نظر وہ گھریلو ذمہ داریاں مل کر نبھاتے ہیں۔ شیلادتیہ نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ ہر وقت گھر میں ہی موجود رہیں، اور بعض اوقات کام کے سلسلے میں کئی ماہ تک گھر سے باہر رہنے کے باوجود ان کے شوہر ہمیشہ پُراعتماد اور سمجھ دار رویہ اپناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے تعلق میں کبھی انا کا مسئلہ حائل نہیں ہوا اور وہ دونوں ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ مصروفیات کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ ان کا بیٹا ان کی زندگی کا اہم ترین حصہ ہے جس کی پرورش پر وہ دونوں مل کر توجہ دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ شریا گھوشال اور شیلادتیہ مکھوپادھیائے کی پہلی ملاقات اسکول کے زمانے میں ہوئی تھی، جہاں پہلے وہ قریبی دوست بنے اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔
شریا کے گلوکاری کے کیریئر کے عروج کے دوران بھی اس جوڑے نے تقریباً 10 سال تک اپنے تعلق کو میڈیا کی نظروں سے پوشیدہ رکھا تھا، جس کے بعد انہوں نے سال 2015 میں شادی کی جبکہ 2021 میں ان کے ہاں بیٹے دیویان کی پیدائش ہوئی۔


