نوجوان ہندوستانی بلے باز شبمن گل کا خیال ہے کہ روہت شرما کے ساتھ ان کی اوپننگ شراکت اکتوبر اور نومبر میں ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ مہم میں اہم ہوگی۔
یاد رہے کہ شبمن گل اور روہت شرما کی جوڑی ون ڈے کرکٹ میں نمایا کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، اس جوڑی نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 میچز کے دوران 76.11 کی اوسط سے 685 رنز جوڑے ہیں۔
شبمن گِل کا آئی سی سی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روہت شرما کھلاڑیوں کو مکمل آزادی سے کھیلنے کا اختیار دیتے ہیں، کہ وہ جس بھی طرح سے چاہیں اپنا کھیل پیش کریں۔
شبمن گل نے کہا کہ انہیں روہت شرما کے ساتھ اننگ کا آغاز کرنا بہت اچھا لگتا ہے، خاص طور پر یہ جانتے ہوئے کہ ساری توجہ ان پر ہے، وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے بلے باز اپنے آپ کو ظاہر کریں۔
شبمن گل نے 50 اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، 27 میچوں میں ان کی اوسط 62.47 رہی ہے۔ بھارتی بیٹر نے چار سنچریاں بھی اسکور کی ہیں جن میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔
دوسری طرف، ون ڈے میں، روہت شرما کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں، وہ اپنے شاندار کیریئر میں متعدد ریکارڈز قائم کر چکے ہیں۔