شوال : شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے اڑتیس شدت پسندہلاک اورمتعدد زخمی کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور فوج کو قدم قدم پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پرشدید بمباری کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں شدت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ کردیئے گئے اوران حملوں کے نتیجے میں اڑتیس شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین روزکے دوران شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی مختلف کارروائیوں میں درجنوں شدت پسند ہلاک ہوئے اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے جا چکے ہیں۔