کشمور: سندھ کے علاقے کشمور میں ہندو تاجر کو ڈاکووں نے مزاحمت کرنے پرقتل کردیا۔ واقعے کیخلاف شہر میں شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمور کے علاقہ بخشا پور میں اٹھارہ سالہ ہندو تاجر کو مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے جاں بحق کردیا،جس پر ہندو برادری اورسیاسی و سماجی تنظیموں نے سراپا احتجاج بن گئے اور مقتول تاجر کی لاش قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا بھی دیا،مظاہرین نے ٹائر نذرآتش کرکے شدید نعرے بازی کی،سڑک بند ہونے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین کاکہنا تھا کہ ہندو برادری سے لوٹ مار کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے جا رہے ہیں،اب تک کئی تاجر ان مجرماننہ سرگرمیوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جب کہ پولیس میں ایف آئی آر درج کروانے کے باوجود نامزد ملزمان گرفتار نہیں کیا جاتا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھاکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کی تک دھرنا جاری رہے گا،پولیس کی روایتی سستی اور نااہلی کے باعث دھرنا دینے پر مجبور ہوئے ہیں۔
تاحال کسی حکومتی نمائندے یا انتظامیہ کی جانب سے کسی رکن نے مظاہرین سے رابطہ نہیں کیا ہے، مظاہرین سخت دگرمی اور چلچلاتی دھوپ میں قومی شاہراہ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں جب کہ ٹریفک معطل ہونے کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافر ذہنی اذیت کا شکا ر ہیں۔