سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے باعث چار افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ وزیرآباد روڈ پر رویلہ اسٹاپ کے قریب پیش آیا،جہاں سیالکوٹ سے راولپنڈی جانے والی مسافر وین دھند کے باعث ٹرک سے جاٹکرائی، حادثے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو وزیرآباد اور سیالکوٹ کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حب: مسافر کوچ الٹنے سے 2 لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیالکوٹ وزیرآباد روڈپر ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کےضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ساتھ ہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےانتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
گذشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں افسوسناک حادثہ رونما ہوا تھا، جہاں حادثے میں لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔