نئی دہلی :بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کاکہنا ہے عمران خان نے کہا تھا خوشحالی اور امن کا کوریڈو رہے ہم شروعات کرتے ہیں،کرتارپور کوریڈور کھولنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے ممبئی حملوں کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ کرتارپور کوریڈور کھولنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے اور ان لوگوں کو بھی، جو اس کی تعمیر کے لئے کئی سال تک دعا کررہے تھے۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا خوشحالی اور امن کا کوریڈور ہے، ہم شروعات کرتےہیں ، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کرتارپور کوریڈور کھلے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں آکر کہا سب بتایا لیکن دوستوں اورسب نے امید کے خلاف سلوک کیا ، لوگوں سے درخواست ہے کرتارپور کوریڈور کو سیاست سے ملوث نہ کریں۔
یاد رہے گذشتہ روز بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا تھا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر بھارتی وزیر خارجہ نے کرتارپور بارڈر کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔
مزید پڑھیں : کرتارپور بارڈر کھلنے کا اعلان سن کر ایسا لگا جیسے سب کچھ مل گیا، نوجوت سنگھ سدھو
نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرتارپور بارڈر کھلنے کی شروعات بہت اچھی ہے، بھارتی سرکار نے اجازت دی تو ضرور پاکستان آؤں، وزیراعظم عمران خان کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، میری سب سے بڑی خواہش پوری ہوگئی ہے۔
دو روز قبل اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سدھو نے کہا تھا کہ کرتار پور بارڈر کھلنے کا سہرا میرے دوست عمران خان کو جاتا ہے، عمران خان میرادوست ہے،مجھےبلائےگا توایک ٹانگ پرچل کرآؤں گا۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان اٹھائیس نومبر کو کرتارپوربارڈر کا افتتاح کریں گے۔
واضح رہے بھارت کے دفترخارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر کرتارپور کوریڈور کھولنے پر شکریہ ادا کیا تھا اور بھارتی کابینہ نے کرتارپور بارڈر تک کوریڈورکی تعمیر کی منظوری دے دی تھی۔
جس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے، بھارتی کابینہ نے کرتارپوربارڈر پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی۔