ممبئی: بھارت کے عالمی شہرت یافتہ آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد بڑی مشکل کھڑی ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی گلوکار کے والد بلکور سنگھ نے بھگونت مان کی پنجاب حکومت پر دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا۔
سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو میں بلکور سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت بیٹے کی قانونی حیثیت پر خاندان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ واہگورو کے آشیرواد سے ہمیں اپنا سدھو موسے والا واپس مل گئے، لیکن حکومت صبح سے مجھے ہراساں اور دھمکا رہی ہے۔
بلکور سنگھ نے کہا کہ مجھ سے بیٹے کے کاغذات دینے کیلیے کہا جا رہا ہے، وہ یہ ثابت کرنے کیلیے مجھ سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں کہ یہ بچہ قانونی ہے یا نہیں۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے درخواست کرتا ہوں کہ بیوی کا علاج مکمل ہونے پر تمام قانونی دستاویزات فراہم نہیں کروں گا۔