حسن ابدال : گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی بعد واپس روانہ ہوگئے،بہترین انتظامات پر سکھ یاتری وزیراعظم عمران خان کے گرویدہ ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق گردوارہ پنجہ صاحب آنے والے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد خوشگوار یادوں کے ساتھ گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے واپس اپنے ممالک روانہ ہوگئے ہیں۔
بھارت سمیت امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک سے سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ کر سکھ یاتریوں سے ملاقات کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ شیخ رشید نے سکھوں کو یہ خوشخبری بھی دی کہ وزیر اعظم بارہ نومبر کو کرتارپور راہدی کا افتتاح کرینگے۔
اس موقع پر گردوارہ پنجہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انہیں اپنے گھر جیسا ماحول میسر آیا ہے جس کیلئے وہ حکومت پاکستان اور خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ سکھ یاتریوں نے کرتار پور راہداری کھولنے پر بھی حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے درجنوں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے
بھارتی جارحیت اور دراندازی کے باوجود بھارت اور دیگر ملکوں سے آئے سکھوں نے یہ ثابت کردیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، یاتری اسے اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔