پیر, فروری 16, 2026
اشتہار

کسانوں کے لیے اچھی خبر، سرکاری زرعی بیج سستے داموں فراہمی کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (13 جنوری 2026): سندھ حکومت نے آئندہ نجی شعبے سے زرعی بیج خریدنے کی بجائے کسانوں کو اپنی تیار کردہ سرکاری سیڈ سستے داموں فراہم کرنے اور سندھ سیڈ کارپوریشن کی تمام زرعی زمینوں کی جیو مارکنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں سندھ سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو، ایڈیشنل سیکریٹری ادریس کھوسو، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سیڈ کارپوریشن عبدالفتاح ھلیو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سندھ سیڈ کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جب کہ افسران کی جانب سے کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں، منیجنگ ڈائریکٹر نے سندھ سیڈ کارپوریشن کا آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا، جس پر وزیر زراعت نے اتفاق کیا۔

روئی کی قیمتوں میں 200 روپے اضافہ ہو گیا

اجلاس میں ایم ڈی عبدالفتاح ھلیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 352 ایکڑ زائد رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی، جب کہ مجموعی طور پر 2242.85 ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ کپاس کی مد میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے، جب کہ چاول (پیڈی) کی مد میں ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی گئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ادارے کے ملازمین کو 4 ماہ کی تنخواہیں ادا کر دی گئی ہیں اور چار ماہ کی تنخواہ دستیاب ہے، اور کاشت کاروں کو گندم کے 2170 بیگز فراہم کیے گئے، جب کہ 295 من کپاس کی جننگ کی گئی ہے،اسی طرح فش پونڈز سے بھی آمدنی حاصل کی گئی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ سیڈ کارپوریشن کی زرعی زمین پر قبضہ کرنے والے لینڈ گریبرز کے خلاف دو ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں، جب کہ گھوٹکی سے 120 ایکڑ زمین ناجائز قبضے سے واگزار کروا کر اس پر گندم کاشت کی گئی ہے۔

وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے ایم ڈی کو ہدایت دی کہ سندھ سیڈ کارپوریشن کی تمام زرعی زمینوں کی جیو مارکنگ کی جائے، زمین کی حدود، رقبہ اور مقام کو جی پی ایس اور نقشوں کے ذریعے کمپیوٹر میں محفوظ کیا جائے گا، تاکہ معلوم ہو سکے کہ زمین کہاں واقع ہے اور کتنے رقبے پر مشتمل ہے، جب کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ادارے کی کارکردگی عوام کے سامنے لانے کی بھی ہدایت دی گئی۔

وزیر زراعت نے کہا سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ آئندہ صوبے کے کاشتکاروں کو معیاری سرکاری بیج سستے داموں فراہم کیے جائیں، اس پر کام تیز کیا جائے گا، انھوں نے ہدایت دی کہ سندھ سیڈ کارپوریشن اس مقصد کے لیے مزید مؤثر انداز میں کام کرے۔

+ posts

انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں