بیجنگ (20 ستمبر 2026): پاکستان کا صوبہ سندھ اور چینی صوبہ ہونان سسٹر صوبے قرار دے دیے گئے لیٹر اؔٓف انٹریسٹ پر دستخط ہو گئے۔
اے آر وائی نیوزکے مطابق پاکستانی صوبہ سندھ اور چینی صوبہ ہونان نے سسٹر صوبوں کے لیٹر آف انٹریسٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں پر وقار تقریب ہوئی، جس میں لیٹر آف انٹریسٹ پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور ہونان فارن افیئرزآفس کی ڈی جی گوو ننگ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سندھ اور ہونان کے درمیان ادارہ جاتی رابطہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے دونوں صوبوں کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق اور عوام و کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع اور تعاون کو فروغ دینے کا عزم کیا گیا۔
لیٹر آف انٹریسٹ پر دستخط کے بعد اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ دونوں صوبوں کے درمیان سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، علم کے تبادلے کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دی جائے گی۔
ترجمان وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق یہ پیش رفت صدرآصف زرداری کے دورہ ہونان کے بعد سامنے آئی ہے۔


