پیر, اگست 17, 2026
اشتہار

سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف بڑے آپریشن کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : صوبائی وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیرصدارت سکھر،لاڑکانہ رینجزمیں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں آئی جی سندھ پولیس اور دونوں ریجنز کے سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ کچے اور پکے کے علاقوں میں پولیس دستے مکمل طور پر متحرک اور مستعد ہیں، ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مسلسل مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون سرویلنس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا مؤثر تعاقب کیا جا رہا ہے، جس سے آپریشن کی کامیابی میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں پولیس کی مستقل موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے، تاکہ جرائم کی بیخ کنی اور دیرپا امن قائم کیا جا سک

اجلاس میں سکھر اور لاڑکانہ میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی منظوری دیتے ہوئے بڑے آپریشن کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے دی گئی اور پولیس افسران کو اہم ٹاسک سونپ دیے۔

ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کی طرف جا رہے ہیں، کشمور اور گھوٹکی آپریشن کا مرکزی فوکس ہوں گے، کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن میں سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز موجود ہیں جبکہ فوج کی ضرورت نہیں تاہم ہتھیار ڈالنے والوں کو ایک موقع دیا جائے گا۔

ضیاء الحسن لنجار نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ آپریشن میں پنجاب کی مدد سے ایک نو گو ایریا کلیئر کیا گیا۔

ڈاکوؤں کے ڈرون استعمال کرنے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا “مجھے نہیں لگتا کہ ڈرون ان تک پہنچے ہیں، البتہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔”

واضح رہے کہ سندھ کے کچے کے علاقے، جن میں کشمور، گھوٹکی، شکارپور اور جیکب آباد شامل ہیں، طویل عرصے سے ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور قبائلی تنازعات کے باعث بدنام رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں